ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ریاست کے تین لوک سبھا اور دو اسمبلی حلقوں کے ضمنی انتخابات کے لئے پرامن پولنگ

ریاست کے تین لوک سبھا اور دو اسمبلی حلقوں کے ضمنی انتخابات کے لئے پرامن پولنگ

Sat, 03 Nov 2018 22:17:10    S.O. News Service

بنگلورو، 3؍نومبر (ایس او نیوز) ریاست کے تین لوک سبھا اور دو اسمبلی حلقوں کے لئے ضمنی انتخاب آج پرامن طور پر ہوا۔ منڈیا ، شیموگہ اور بلاری لوک سبھا حلقوں ، رام نگرم اور جمکھنڈی اسمبلی حلقوں کے لئے 50 فیصد سے زائد رائے دہندگان نے ووٹ ڈالے۔اس انتخابمیں حکمران کانگریس جے ڈی ایس اتحاد اس بات کی کوشش میں ہے کہ اپنا سیاسی غلبہ ثابت کرے تو دوسری طرف بی جے پی اس بات کے لئے کوشاں ہے کہ اپنی شیموگہ اور بلاری لوک سبھا سیٹیں محفوظ کرنے کے بعد دیگر حلقوں میں بھی اپنے سیاسی وجود کو مضبوط کرسکیں۔ دونوں طرف سے ان انتخابات کو وقار کا مسئلہ بنایا گیا ہے۔ آج صبح سات بجے سے یہاں پولنگ کا سلسلہ شروع ہوا بڑی تعداد میں لوگوں نے پولنگ بوتھس پہنچ کر اپنے نمائندوں کا انتخاب کیا۔ شیموگہ پارلیمانی حلقے میں سابق وزیراعلیٰ یڈیورپا ، ان کے فرزندان بی وائی راگھویندرا ، بی وائی وجیندرا اور دیگر افراد خانہ نے ایک ساتھ پہنچ کر ووٹ ڈالے۔ آج ڈالے گئے ووٹوں کی 6نومبر کو گنتی ہوگی۔ ان انتخابات کو ریاست میں آنے والے لوک سبھا انتخابات کا پیش خیمہ ماناجارہاہے۔ دیکھنا ہے کہ ان پانچوں حلقوں کے عوام کا فیصلہ کانگریس جے ڈی ایس اتحاد کے حق میں ہوگا یا پھر بی جے پی فائدہ اٹھانے میں کامیاب رہے گی۔ 

پولنگ کا بائیکاٹ: منڈیا میں گنے کے کاشتکاروں نے ریاستی حکومت کی طرف سے عدم تعاون اور گنے کے عوض بروقت رقم کی ادائیگی نہ ہونے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ووٹنگ کا بائیکاٹ کیا، ان لوگوں کی مانگ ہے کہ گنے کی کٹائی پر فی ٹن 450روپیوں کی ادائیگی کو بڑھاکر 650 روپے کیا جائے۔ان کاشتکاروں نے اپنے مطالبے پر زور دینے کے لئے احتجاج کیا اور الزام لگایا کہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے انہیں مناسب سہولت فراہم نہیں کی جارہی ہے۔ 

انتخابی ضابطے کی پامالی: یہ شکایت کی گئی ہے کہ رام نگرم حلقے میں جے ڈی ایس لیڈرعمران پاشاہ نے یہاں کی درگاہ کے لئے رقم ادا کرکے انتخابی ضابطے کو پامال کیا ہے۔ بتایاجاتاہے کہ عمران پاشاہ نے مقامی جے ڈی ایس عہدیداروں کے ساتھ یہاں کے ایک پولنگ بوتھ کے دورے کے بعد انہوں نے درگاہ میں حاضری دی اور رقم ادا کی۔ جمکھنڈی حلقے میں کانگریس امیدوار آنند نیامے گوڈا پر بھی انتخابی ضابطہ پامال کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔

ایک شخص کی موت: بلاری میں ووٹنگ کے مرحلے میں اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے بعد 70 سالہ نارائن سوامی کی موت ہوگئی۔ بتایاجاتاہے کہ وہ ہوسپیٹ کے ساتویں وارڈ میں پولنگ بوتھ نمبر 22میں ووٹ دے کر گھر پہنچا تھا کہ حرکت قلب بند ہوجانے سے چل بسا۔ 

پولنگ افسروں پر امبریش برہم: سابق مرکزی وزیر اور معروف فلم ادا کار امبریش آج صبح جب منڈیا لوک سبھاحلقے میں اپنا ووٹ ڈالنے جب پولنگ بوتھ پہنچے تو یہاں انہوں نے دیکھا کہ روشنی کا کوئی انتظام نہیں ہے، انہوں نے دریافت کیاکہ سارے پولنگ بوتھ میں اندھیرا کیوں ہے؟۔ روشنی کا انتظام کیوں نہیں کیاگیا۔ 

اہم شخصیات کی ووٹنگ: شکاری پور جو شیموگہ پارلیمانی حلقے کا حصہ ہے آج صبح وہاں ریاستی بی جے پی صدر اور سابق وزیراعلیٰ بی ایس یڈیورپانے ووٹنگ میں حصہ لیا، جبکہ کانگریس جے ڈی ایس اتحاد کے امیدوار مدھو بنگارپا نے سورب کے کبٹور میں پولنگ بوتھ پہنچ کر اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ شیموگہ میں رکن اسمبلی کے ایس ایشورپا، کونسل کے سابق چیرمین ڈی ایچ شنکر مورتی وغیرہ نے اپنے اپنے پولنگ بوتھوں پر ووٹنگ کی۔ سابق وزراء کمار بنگارپا، ہڑتال ہالپا، ارگا گیانندرا ، بی پی سنگمیش وغیرہ نے اپنے اپنے پولنگ بوتھوں پر ووٹ ڈالے، جمکھنڈی میں کانگریس امیدوار آنند نیامے گوڈا اور بی جے پی امیدوار سری کانت کلکرنی نے ، منڈیا میں ریاستی وزراء سی ایس پٹ راجو ، ڈی سی تمنا، اراکین اسمبلی نارائن گوڈا ، ڈاکٹر انا دانی ، رمیش بنڈی سدے گوڈا، نے اپنا ووٹ ڈالا۔


Share: